Breaking News

شہباز کے زرداری پر نشتر:زرداری کی کس بات کو قیامت کی نشانی کہہ ڈالا؟



shahbaz sharif and asif ali zardari - میاں محمد شہباز شریف اور آصف علی زرداری
لیہ ( عاطف فاروق ڈاٹ کام )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ان کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔تفصیل کے مطابق لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز
شریف کا کہنا تھا کہ جو شخص 24 گھنٹے جھوٹ بولتا ہو کیا وہ عوام کے ووٹ کا حقدار ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز شریف کی طرح جنگلا بس نہیں بناؤں گا بلکہ پیسہ تعلیم اور اسپتالوں پر لگاؤں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پشاور مین جنگلا بس کا سنگ بنیاد تو رکھ دیا ہے لیکن پتہ نہیں یہ میٹرو کب بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک میگا واٹ بجلی بھی فراہم نہیں کی اور جب پشاور میں ڈینگی آیا تو وہ پہاڑوں پر چڑھ گئے۔شہباز شریف نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ زرداری صاحب شیروانی پہن کر کہتے ہیں کہ میں میاں صاحب سے کرپشن کا حساب لوں گا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور جو شخص سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبا ہوا اس کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی بے لوث خدمت کی اور ہم نے ایک ایک پیسے کو امین بن کر عوام کی خدمت میں نچھاور کیا، وعدہ کرتا ہوں کہ اگر عوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ 5 سالوں میں اس ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دکھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے متعدد منصوبے لگائے اور اس سال گرمی کے موسم میں بھی عوام کے پنکھے اور ٹیوب ویل چلیں گے۔شہباز شریف نے اس موقع پر لیہ میں ایک یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس منصوبے کے لیے 30 کروڑ روپے بھی مختص کیے۔