Breaking News

’’عینک والا جن‘‘ کی معروف کردار’’بل بتوڑی‘‘ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

 ’’عینک والا جن‘‘ کی معروف کردار’’بل بتوڑی‘‘ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور
 اسلام آباد ۔۔۔۔۔بچوں کے معروف پروگرام ’’عینک والا جن‘‘ میں ’’بل بتوڑی‘‘ کا کردار نبھانے والی نصرت آراء آج کل انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ کچھ ہی عرصہ قبل انھیں فالج کا حملہ ہوا تھا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ جلد کے کینسر کے مرض میں بھی مبتلا ہیں ۔ بیماریوں کے باعث وہ انتہائی غربت کی زندگی گزار
رہی ہیں ۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹیلی ویژن پر نصرت آراء المعروف بل بتوڑی کے حالات زندگی پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی تھی جسے دیکھ کر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے نصرت آراء کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا جبکہ گزشتہ روز فیصل آباد کے سیاسی کارکن میاں اوضی جن کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے نے اس ہسپتال جہاں نصرت آراء زیر علاج ہیں پہنچ کر فیصل آباد میں ملت روڈ پر واقع اڑھائی مرلہ کا پلاٹ انھیں گفٹ کیا ہے ۔ اسی طرح ’’عینک والا جن‘‘ میں بچے کا کردار ادا کرنے والے ایک اداکار جلال بخاری نے بھی نصرت آراء کے لئے فنڈ ریزنگ شروع کردی ہے ۔ جلال بخاری آج کل اپنی فیملی کے ہمراہ انگلینڈ میں قیام پذیر ہیں جہاں انہوں نے فنکاروں کی فلاح کے لئے ایک این جی او ’’سیو مائی سٹار‘‘ بھی بنارکھی ہے ۔ جلال بخاری کا کہنا ہے کہ فنکار کسی بھی قوم کا فخر ہوتے ہیں ۔ جب یہ لوگ اپنی جوانی میں ہمیں انٹرٹین کرتے ہیں تو پھر ان کا بڑھاپا اس قدر تنگ کیوں گزرتا ہے ۔ جلال بخاری کا کہنا ہے کہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے فنکاروں کی اس وقت ضرور مدد کریں جب وہ بڑھاپے میں لاچار رہ جائیں ۔