قرآن مجید کی طباعت و ریکارڈنگ میں غلطیوں کے خاتمے کیلئے قانون سازی سے متعلق وفاقی وزیر مملکت پیر محمد امین الحسنات شاہ سرگرم ہوگئے
اسلام آباد۔۔۔۔۔وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیرمحمد امین الحسنات شاہ نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی طباعت و ریکارڈنگ میں غلطیوں کے خاتمے کیلئے حکومت ایک جامع بل لارہی ہے‘ اس پر مشاورت جاری ہے‘ صرف پنجاب سے جواب موصول ہوا ہے‘ دیگر صوبوں سے جواب آنا ہے‘ اس کو موخر کیا جائے۔کچھ عرصہ قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں میجر(ر) طاہر اقبال نے تحریک پیش کی کہ قرآن پاک اشاعت (طباعت و ریکارڈنگ کی اغلاط کا خاتمہ) (ترمیمی) بل 2015ء زیر غور لایا جائے۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے ایک جامع بل لارہی ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں تمام فریقین سے درخواست کی ہے۔ صرف پنجاب نے جواب دیا ہے دیگر صوبوں کا جواب آنا ابھی باقی ہے۔ اس بل کو موخر کیا جائے۔ میجر (ر) طاہر اقبال نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے یہ بل زیر التواء ہے حکومتی بل کے ساتھ ان کا بل بھی کلب کیا جائے۔ اس کے لئے کوئی ٹائم فریم بھی مقرر کیا جائے۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ ذاتی طور پر صوبوں سے رابطہ بھی کیا جائے گا۔








