حمزہ شہباز کو کونسا عہدہ دینے کی تیاری کی جارہی ہے ؟ اہم انکشافات منظر عام پر آگئے
لاہور ۔۔۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی انتخابات میں مرکز اور پنجاب میں
نئے چہرے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ شہبازشریف کی پنجاب میں
مصروفیت کے باعث رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کو پاکستان مسلم لیگ ن
پنجاب کا صدر بنانے کے لئے لابنگ تیز کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع
سے معلوم ہوا ہے کہ حکمران جماعت کو تحریک انصاف کی طرف سے احتجاجی تحریک
اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ اسی
صورتحال کے باعث پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی عہدوں پر نئے چہرے لاکر پارٹی
کو اندرونی اختلافات سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے پارٹی انتخابات میں مرکزاور پنجاب میں
پارٹی عہدوں پر نئے چہرے لانے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ پارٹی کے مرکزی صدر
کے عہدے کے لئے مریم نواز شریف کا نام سامنے آرہاتھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے
کہ مریم نواز نے مرکزی صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے سے معذرت کرتے ہوئے
نواز شریف کو مرکزی صدر کاعہدہ اپنے پاس رکھنے کی سفارش کی ہے جبکہ پارٹی
کی مرکزی قیادت نے بھی نواز شریف کوپارٹی کی صدارت اپنے پاس رکھنے کے عزم
کا اظہار کیا ہے ۔ البتہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ میاں محمدشہباز شریف کی
مصروفیات کومدنظررکھتے ہوئے حمزہ شہباز کوپارٹی صدربنانے کا فیصلہ کیا گیا
ہے ۔ ضمنی انتخابات ہوں یا تنظیم سازی کا عمل ، صوبائی عہدیدار حمزہ شہباز
سے ہی رہنمائی لے رہے ہیں ۔ پارٹی کارکنوں کاکہنا ہے کہ پنجاب کی صدارت کے
لئے حمزہ شہباز ایک بہترین چوائس ہوں گے ۔