
بھلوال: بھلوال ٹریفک پولیس کا ایک ایسا اقدام کہ شہری خوشی سے جھوم
اٹھے ، آبادی والے علاقے سے ہیوی پبلک ٹرانسپورٹ گزارنے والوں کے خلاف کریک
ڈاؤن کردیا گیا ۔ تفصیل کے مطابق سرگودھا سے راولپنڈی جانے والی ٹرانسپورٹ
کمپنی نے عرصہ دراز سے بھلوال شہر کے گنجان آباد اور آبادی والے علاقوں کو
اپنی گزرگاہ بنارکھا تھا ۔ ٹریفک پولیس کی طرف سے مذکورہ ٹرانسپورٹ کمپنی
کو بارہا ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آبادی والے علاقوں اور مین بازار کو
گزرگاہ نہ بنائیں لیکن واضح ہدایات کے باوجود سرگودھا سے راولپنڈی جانے
والی بڑی گاڑیاں بھلوال شہر کے آبادی والے علاقوں خصوصاً مین بازار اور
لیاقت شہید روڈ کو گزرگاہ بنائے ہوئے تھیں ۔ گزشتہ روز بھلوال ٹریفک پولیس
نے قانون کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرگودھا سے راولپنڈی جانے
والی دو گاڑیوں کو سواریوں سمیت لیاقت شہید روڈ سے پکڑ لیا اور تھانہ میں
جاکر بند کردیا ۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ بڑی گاڑیوں کے گزرنے کے لئے
بائی پاس بھی تعمیر کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود بڑی گاڑیاں ٹال ٹیکس
بچانے کیلئے بھلوال کے گنجان آباد اور شہری علاقوں کو اپنی گزرگاہ بنائے
ہوئے تھیں ۔ بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کی وجہ سے شہریوں کو سانس و دیگر
بیماریوں کا خدشہ لاحق ہے ۔ دوسری طرف بھلوال کے عوامی وسماجی حلقوں نے
ٹریفک پولیس کے اس اقدام کوسراہا ہے ۔