Breaking News

قومی بچت کی تمام بچت اسکیموں کےشرح منافع میں اضافہ کردیا گیا

Profit Increased on National Savings Schemes from November 01, 2018

اسلام آباد(سرگودھا اپ ڈیٹس)محکمہ قومی بچت نے اپنی تمام اسکیموں کے شرح منافع میں اضافہ کا اعلان کردیا ہے ، نئی شرح منافع کا اطلاق یکم نومبر 2018سے کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (CDNS) نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں اضافے کے پیش نظر رواں سال میں پانچویں مرتبہ بچت اسکیموں کے شرح منافع میں اضافہ کردیا ہے ۔ مختلف اسکیموں کے شرح منافع میں اضافہ 0.96فیصد سے لے کر 1فیصد تک ہے ۔

محکمہ قومی بچت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس (DSC) کا سالانہ (اوسط) منافع 10.03فیصد کردیا گیا ہے ۔ یعنی اس سکیم میں ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر مقررہ مدت یعنی دس سال گزرنے کے بعد کھاتہ دار کو 260,000 روپے ملیں گے ۔ پاکستانی شہریت رکھنے والے بزرگ شہریوں ، بیوہ خواتین اور معذور افراد کے لئے بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس (BSC) میں منافع کی شرح 11.88فیصد کردی گئی ہے ۔ یعنی اس اسکیم میں اب ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر کھاتہ دار کو مبلغ 990/- روپے ماہانہ منافع ملے گا ۔ اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس (SSC)کے منافع کی شرح بھی بڑھا کر 8.78فیصد سالانہ کردی گئی ہے یعنی اس سکیم میں ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر کھاتہ دار کو ششماہی 4300/- روپے منافع ملے گا ۔ ماہانہ منافع کی اسکیم ریگولر انکم سرٹیفکیٹس (RIC) میں شرح منافع بڑھا کر 09.72فیصد کردی گئی ہے یعنی اس اسکیم میں ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 810/-روپے منافع ملے گا ۔ شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس جو کہ قلیل عرصہ کے لئے سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرتے ہیں ، میں ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر تین ماہ بعد 2070/- روپے (شرح منافع08.28فیصد) ، چھ ماہ بعد مبلغ 4190/- روپے (شرح منافع 08.38فیصد)جبکہ ایک سال بعد مبلغ 8480/-روپے (شرح منافع 08.48فیصد) منافع ملے گا ۔ سرکاری محکموں سے ریٹائرڈ خواتین و حضرات کی اسکیم پنشنرز بینیفٹ اکائونٹ کا ماہانہ منافع بھی بڑھا کر 990/-روپے کردیا گیا ہے جس کا سالانہ شرح منافع 11.88فیصد بنتا ہے ۔ قومی بچت کی نئی جاری شدہ سکیم شہدا فیملی ویلفیئر اکائونٹ جو کہ صرف پولیس ، افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں سے شہدا کی خاندانوں کو بچت اور سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرتا ہے کا ماہانہ منافع بھی بڑھا کر 990/-روپے (شرح منافع11.88فیصد) کردیا گیا ہے ۔ اسی طرح عام سیونگز اکائونٹ کا سالانہ منافع بھی 06.00فیصد سے بڑھا کر 07.00فیصد کردیا گیا ہے ۔ تمام اسکیموں پر نئی شرح منافع کا اطلاق یکم نومبر 2018سے کیا گیا ہے ۔ 


مزید تفصیلات اور معلومات کے لئے ویڈیو پر کلک کریں اور ویڈیو دیکھیں ، شکریہ ۔