Breaking News

سول سروسز ایکٹ میں ترمیم۔۔۔پنجاب بھر کے اسسٹنٹ کمشنرزکی قلم چھوڑ ہڑتال۔۔۔سائلین کھجل خراب



لاہور۔۔۔۔۔پنجاب حکومت کی جانب سے سول سروسز ایکٹ میں ترمیم کے بعد ایک نیا بحران پیدا ہو گیا ،پنجاب بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی۔نجی ٹی وی چینل ’’آج نیوز ‘‘ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے سول سروسز ایکٹ میں کی جانے والی ترمیم کے بعد پنجاب بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے’’ قلم چھوڑ ہڑتال ‘‘کر کے دفاترز کو تالے لگا دیئے تھے ،جس کے بعد ابھی تک حکومت کی جانب سے ہڑتالی اسسٹنٹ کمشنرز کے بارے میں کوئی واضح لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔یاد رہے کہ آج سرگودھا ،اٹک ،چکوال ،گجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں موجود اسسٹنٹ کمشنرز نے سول ایڈ منسٹریشن ایکٹ میں کی جانے والی ترمیم کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے دفاتر بند کر دیئے تھے ،اسسٹنٹ کمشنرز کا کہنا تھا کہ جب’’جسٹس آف پیس ‘‘ کی پاور اور اختیارات نہیں ہوں گے تو کس طرح عوام کی خدمت سرانجام دے سکتے ہیں؟۔اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال کے بعد ان دفاتر میں کام کرنے والا عملہ بھی گھروں کو چلا گیا تھا جس کی وجہ سے سائلین کو دن بھر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری طرف صوبائی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کے بعد ابھی تک اس پیدا ہونے والے بحران سے نبٹنے کے لئے واضح لائحہ عمل سامنے نہیں آ سکا جس کی وجہ سے پنجاب میں انتظامی سطح پر ایک نئے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔