چیئرمین میونسپل کمیٹی بھلوال صفدر اقبال ملک نے بھلوال شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے ماڈل پلان تشکیل دے دیا
بھلوال ۔۔۔۔۔چیئرمین میونسپل کمیٹی بھلوال صفدر اقبال ملک نے کہا ہے کہ بھلوال شہر کے لئے ماڈل پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ، اس منصوبے کے تحت جہاں مین بازار بھلوال کو خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے وہیں شہر کے درمیان سے گزرنے والی نہر مٹھہ لک راجباہ کے دونوں اطراف سٹرک ، راجباہ کو پختہ کرنے کے علاوہ سٹرک کے ساتھ واکنگ ٹریک پر سٹریٹ لائٹس لگاکر اسے سیرگاہ کے طور پر پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مین بازار بھلوال کی سڑکوں کو کارپٹ کرنے کے علاوہ مخصوص ایریا پر ٹائیل لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے قبرستان میں بھی لائٹس کا انتظام کیا جارہا ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھلوال شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے بڑا پیکج لائیں گے اور بھلوال کو ضلع بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے ۔