کرسچیئن کمیونٹی کی معروف مذہبی شخصیت و پادری آئی ڈی شہباز میموریل چرچ پاسٹر یعقوب ناصر وکٹر انتقال کرگئے
بھلوال۔۔۔۔۔کرسچئن کمیونٹی کی معروف مذہبی شخصیت و پادری آئی ڈی شہباز میموریل چرچ پاسٹر یعقوب ناصر وکٹر حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ۔ ان کی اچانک وفات نے کرسچئن کمیونٹی سمیت ان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کو سوگوار کردیا ہے ۔ یعقوب ناصر وکٹر عرصہ دراز سے مین بازار ، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن روڈ پر واقع آئی ڈی شہباز میموریل چرچ میں بطورِ پادری اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔ وہ ایک ملنسار اور شریف النفس انسان تھے ۔ ایک پادری ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھلوال شہر کے عمائدینِ شہر سے بہترین اور متوسط تعلقات استوار رکھے ہوئے تھے اور ان کے حلقہ احباب میں اکثریت مسلم احباب کی ہوتی تھی ۔ وہ ایک پکے اور سچے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ محبت کا درس دینے والے شخص تھے ۔ حبُ الوطنی ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی ۔ جب کبھی حالات ناسازگار ہوتے وہ ہمیشہ حب الوطنی کا درس دیتے نظر آتے ۔وہ مذہب کی پرواہ کئے بغیر صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنے والے انسان تھے ۔ عیسائیت سے تعلق رکھنے کے باوجود انہوں نے بارہا کئی فورمز پر یہ مطالبہ کیا کہ عیسائیوں کو شراب نوشی کے جو پرمٹ جاری کئے گئے ہیں وہ کینسل کئے جائیں کیونکہ شراب نوشی یا شراب کی فروخت اسلام ہی نہیں بلکہ عیسائیت میں بھی ممنوع ہے ۔ وہ امن اور بھائی چارے کے روادار تھے اور بین المذاہب امن کمیٹی کے اجلاس اور سیمینارز میں شرکت کرکے ہمیشہ یہی کہتے تھے کہ پاکستان جتنا مسلمانوں کا ملک ہے اتنا ہی ان کا بھی ہے اور جب کبھی نامساعد حالات آئیں مسلمان اپنے کرسچئن بھائیوں کو اپنے شانہ بشانہ پائیں گے ۔ یعقوب ناصر وکٹر ایک سادہ طبیعت کے مالک تھے ان کی ساری زندگی سادگی کے ساتھ گزری۔ ایک اچھا انسان چاہے وہ کسی بھی مذہب ،نسل ،قبیلے، ذات سے تعلق رکھتا ہو ، جب وہ دنیا سے چلا جاتا ہے تو اس کی کمی ضرور محسوس کی جاتی ہے ۔ یعقوب ناصر وکٹر نے بھلوال میں ایسا وقت گزارا ہے کہ آج ان کی وفات پر کرسچئن ہی نہیں مسلمان بھی سوگوار ہیں ۔ یعقوب ناصر وکٹر کی یادیں بھلائے بھی نہ بھلائی جاسکیں گی ۔