Breaking News

غالب لائبریری(کمپنی باغ‘سرگودہا) کو جدید لائبریری بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا



sargodha: local administration has started working to convert ghalib library sargodha into a dynamic library - غالب لائبریری(کمپنی باغ‘سرگودہا) کو جدید لائبریری بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا
سرگودہا (عاطف فاروق ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہاہے کہ غالب لائبریری جناح ہال کمپنی باغ کو جدید لائبریری بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیاگیاہے ۔ لائبریری کی تزئین وآرائش کے منصوبے پر بیس لاکھ روپے
کے اخراجات کا تخمینہ لگایاگیاہے ۔ یہ فنڈز اپنی مدد آپ کے تحت اکٹھے کئے جارہے ہیں ۔جس کیلئے پانچ رکنی سب کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔ کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر سرگودہاعدنان شہزاد ‘ صدر چیمبر آف کامرس شیخ نوید اقبال ‘ معروف سماجی شخصیت چوہدری لیاقت علی وڑائچ ‘ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ‘ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن رانا جمیل اختر اور لائبریرین عبدالصبورشامل ہیں ۔ کمیٹی کے چےئرمین ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ اور مےئر میونسپل کارپویشن ملک اسلم نوید جبکہ سیکرٹری ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم مقرر کئے گئے ہیں ۔ لائبریری کے تزئین وآرائش کے کام کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے ۔ جس کیلئے صدر چیمبر آف کامرس شیخ نوید اقبال اور ڈپٹی مےئر محمد بلال خان کی طرف سے ایک ایک لاکھ جبکہ مےئر کارپوریشن ملک اسلم نوید نے دو لاکھ اور ڈپٹی کمشنر نے پانچ لاکھ روپے کے فنڈز دینے کااعلان کیا۔ فنڈز کے اخراجات اور کام کی نگرانی لیاقت علی وڑائچ کی زیر نگرانی ہو گی ۔ جس میں دیگر مخیر حضرات بھی حصہ لیں گے اور لیاقت علی وڑائچ کا م کی تکمیل کے ذمہ دار ہوں گے ۔اس امر کا فیصلہ آج غالب لائبریری کی تزئین وآرائش کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں مےئر کارپوریشن ملک اسلم نوید ‘ ڈپٹی مےئر محمد بلال خان ‘ اسسٹنٹ کمشنر عدنان شہزاد ‘سی ای او ایجوکیشن رانامحمداظہرخان ‘ صدر چیمبر آف کامرس شیخ نوید اقبال ‘ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ‘ محمد ندیم خان ‘ چوہدری لیاقت علی وڑائچ ‘ چیف آفیسر رانا جمیل اختر ‘ لائبریرین عبدالصبور اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ علم وادب کے فروغ میں کتب بینی مرکزی حیثیت رکھتی ہے بدقسمتی سے نوجوان نسل میں کتب بینی کا شوق مفقود ہو تا جارہاہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل کے ساتھ ساتھ عوام شہریوں میں کتابوں سے تعلق کو جوڑا جائے ۔ غالب لائبریری سرگودہا کی مرکزی او رواحد لائبریری ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے اندر کتابوں کا شوق پیدا کیا جائے اس کیلئے ممبر سازی کی جائے گی جس میں سٹوڈنٹس کے علاوہ عام شہریوں کو راغب کیا جائیگا ۔سٹوڈنٹس سے معمولی فیس جبکہ دیگر افراد سے مناسب فیس وصول کرنے کیلئے لائحہ عمل بنایا جارہاہے تاکہ لائبریری کے اخراجات اس کے اپنے فنڈز سے حاصل ہوسکیں ۔ انہوں نے مخیر حضرات کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور سی ای او ایجوکیشن کو سٹوڈنٹس کی ممبر شپ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر مےئر کارپوریشن ملک اسلم نوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے اسے ڈپٹی کمشنر کا احسن اقدام قرار دیا اور کہاکہ نوجوان نسل کو کتب بینی کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے او روہ اس لائبریری کو ماڈل لائبریری بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہاکہ وہ 2020 میں غالب لائبریری کی سو سالہ تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ انہوں نے لائبریری میں مزید کتب کی فراہمی کیلئے بھر پو رتعاون کایقین دلایا۔


Widget is loading comments...