Breaking News

ڈپٹی کمشنر سرگودھا لیاقت علی چٹھہ نے پٹواریوں کو دو دن میں ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت کردی



ڈپٹی کمشنر سرگودھا لیاقت علی چٹھہ نے پٹواریوں کو دو دن میں ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت کردی
سرگودھا۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے عوام النا س کی مشکلات کے پیش نظرآج تحصیل آفس میں پٹواریوں کے ہڑتالی کیمپ میں جا کر انہیں دو دن کے اندر اندر ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے ان
کے کہنے پر ہڑتال ختم کر دی تو ان کے جائزمطالبات دو ماہ کے اندر اندر حل کروانے کی کوشش کی جائیگی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی ریونیو طارق خان نیازی بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دوتین ماہ سے ہڑتال کی وجہ سے عوام الناس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ پٹواریوں کو چاہیے کہ وہ ہڑتال ختم کرنے پر آمادہ ہوجائیں بصورت دیگر اتنی لمبی ہڑتال سے حکومت یہ تاثر لے گی کہ پٹواریوں کے بغیر بھی محکمہ ریونیو کا کام چل رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کمپیوٹرائزیشن سسٹم کے باوجود پٹواریوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے انہیں بھی لوگوں کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہڑتال کے خاتمے کیلئے خلو ص نیت کے ساتھ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ انہوں نے پٹواریوں کے پندرہ مطالبات کی تفصیلات سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بجھوادی ہیں ۔امید ہے کہ ان پر جلد عمل درآمد ہو جائیگا۔ اس موقع پر پٹواریوں کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے تحفظات اور مطالبات کے بارے میں بتایا ۔اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو او راسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ صدر انجمن تاجران او ردیگر بھی موجود تھے ۔